|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2015

کوئٹہ: محکمہ ایجوکیشن میں معیار اور میرٹ کو برقرار رکھنے کے لئے ٹیچنگ اسٹاف میں چھانٹی کافیصلہ ،اندرونی سندھ تعلیمی بورڈز یا غیر تصدیق شدہ بورڈزکی ڈگریاں رکھنے والے اساتذہ کو فارغ کرنے پرغورشروع، صوبے میں موثر تعلیمی نظام قائم کرنے کے لئے محکمہ تعلیم بڑا فیصلہ کرنے جارہاہے، باوثوق ذرائع تفصیلات کے مطابق باوثوق ذرائع سے معلوم ہواہے کہ محکمہ ایجوکیشن حکام صوبے میں نظام تعلیم کی بہترکے لئے مشاورت اور تجاویز کے بعد غیر معروف تعلیمی اداروں ، جعلی ڈگری، بوگس اساتذہ کے خلاف بہت جلد کارروائی اورانہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں اعلیٰ حکام چند دن کے اندر یہ نوٹیفکیشن بھی جاری کرنے والے ہیں کہ محکمہ ایجوکیشن میں جتنے بھی اساتذ ہ نے اندرونی سندھ کے تعلیمی بورڈ سے ڈگری حاصل کررکھی ہیں انہیں فارغ کردیا جائیگا ۔چونکہ اندرونی سندھ کی بیشتر ڈگریاں غیر معروف تعلیمی اداروں سے حاصل شدہ اور غیر مصدقہ ہوتیں ہیں ۔جس کی وجہ سے ایسے اساتذہ اسٹاف ٹیچنگ پر بھر تی ہو کر نہ صر ف صوبائی حکومت پر بوجھ بن جاتے ہیں بلکہ تعلیمی ترقی کے آگے بھی بڑی رکاوٹ رہتے ہیں ۔اس فیصلے کے بعد محکمہ تعلیم میں بڑی کھلبلی مچ گئی ہے ۔ سفارشی اور جعلی اساتذہ نے اپنی ملازمت بچانے کے لئے بہت سارے طریقے اپنانے کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردیا ہے ۔