|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2015

راولپنڈی: آئی ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سرکاری دورے پر امریکا روانی ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی امریکی خفیہ اداروں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران انٹیلی جنس سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوگی۔ کہ ڈی جی آئی ایس آئی قومی سلامتی کونسل سمیت اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے خفیہ اداروں کے درمیان تعاون پر بھی بات چیت ہوگی ڈی جی آئی ایس آئی کے دورے کے حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں افغانستان سمیت انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اقدامات اور شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نومبر 2014 میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی امریکا کا دورہ کیا تھا جس میں مختلف معاملات زیر بحث آئے تھے۔ یاد رہے کہ شمالی علاقوں میں فوج کی جانب سے دو آپریشنز جاری ہیں جن میں آپریشن ضرب عضب جون میں شروع کیا گیا تھا جبکہ اکتوبر میں آپریشن خیبر-ون شروع ہوا تھا۔ فوج کی جانب سے یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ آئندہ ماہ (مارچ میں) خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر-ٹو شروع کیا جا رہا ہے۔ ان آپریشنز سے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے برے علاقے کلئیر کرنے کا دعویٰ سامنے آچکا ہے البتہ ان علاقوں سے عسکریت پسند سرحد پار کرکے افغانستان چلے جاتے ہیں جن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ پاک فوج کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے۔ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جبکہ اس حوالے انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل بھی بنایا جا چکا ہے۔