سڈنی: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو 257 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر دھواں دھار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز بنائے، کپتان اے بی ڈیویلیرز نے تباہ کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کے بولروں کو بے سود کرتے گراؤنڈ کے چاروں جانب چھکے چوکوں کی برسات کردی، اے بی ڈیویلیرز نے 17 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 64 گیندوں میں ایک روزہ میچوں کی تاریخ کے تیز ترین 150 رنز بنائے اور اننگز کے اختتام پر 162 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے اس پہاڑ جیسے ہدف میں ہاشم آملہ، فاف ڈوپلیسی اور ریلے روسوو نے بھی اہم کردار ادا کیا اور بالترتیب 65، 62 اور 61 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز دینے والے جیسن ہولڈر تھے جنہوں نے 10 اوورز میں 104 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ آندرے رسل اور کرس گیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 409 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 34ویں اوور میں 151 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، بولروں کے بعد بلے باز بھی بری طرح ناکام رہے اور صرف 53 رنز کے مجموعے پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے جیسن ہولڈر تھے جنہوں نے 56 رنز بنائے جب کہ ڈیوائن اسمتھ 31 رنز بنا سکے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کرس گیل 3، جوناتھن کارٹر 10، دنیش رامدین 22، ڈیرن سیمی 5 اور سلیمین بین ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمران طاہر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کائل ایبٹ اور مورنے مورکل نے 2،2 جب کہ ڈیل اسٹین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاندار بلے بازی پر اے بی ڈیویلیرز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔