|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2015

برسبین:ٹخنے کی انجری کے شکار پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کو زمبابوے کے خلاف اہم میچ کیلئے کلیئر کر دیا گیا۔ برسبین میں تربیتی سیشن کے بعد بائیں ٹخنے میں درد کی شکایت پر 23 سالہ بلے باز کو ایم آر آئی سکین کیلئے اسپتال بھیجا گیا تھا۔ تاہم اب ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ شہزاد اتوار کو پول’بی’ کے میچ تک صحت یاب ہو جائیں گے۔ ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ شہزاد کا ایم آر آئی سکین کلیئر آیا ہے اور وہ زمبابوے کے خلاف میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں 47 رنز بنانے والے شہزاد ویسٹ انڈیز میچ میں صرف ایک رن ہی بنا سکے تھے۔ پول بی کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے پاکستان کو میگا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن بنانے کیلئے زمبابوے کو لازمی شکست دینا ہو گی۔ یاد رہے شہزاد ان آٹھ کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ٹیم کرفیو توڑنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔