کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی سے گزستہ روز پرائیویٹ ا سکول انتظامیہ پر مشتمل ایک وفد نے اسکولوں میں سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے ملاقات کی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ پر گذشتہ اجلاسوں میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اقدامات کو فول پروف اوریقینی بنائیں گے ۔جن میں اسکول کی چاردیواری سات فٹ اونچی کرکے خار دار تاریں اور سی سی ٹی وی کیمرے اندرونی و بیرونی مقامات پر نصب کئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ واک تھرو گیٹس نصب کرنے کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر اور طلباء و طالبات کے سکول بیگز کی تلاشی لینے کا بھی مکمل انتظام کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی گاڑی کو تعلیمی اداروں کے قریب پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ سکولوں کی چھتوں پر بھی سیکورٹی گارڈزاورواچ ٹاور کا بھی مکمل انتظام کیا جائے گا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ،ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز وسکولز بھی ممبر ہونگے۔یہ کمیٹی سکولوں کا سروے کرکے رپورٹ دے گی اور جن سکولوں میں مذکورہ سیکورٹی انتظامات مکمل نہیں ہیں ان کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر وفد نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کویقین دلایا کہ پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ سیکورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔