کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے سینٹ انتخابات میں ممکنہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کے ارکان پر میڈیا میں لگائے جانے والے الزامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ارکان کی نشاندہی کریں جنہوں نے اپنی پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی کی ہے تمام ارکان کو تنقید کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ، ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ پانچ مارچ کو ووٹ اپنی اپنی پارٹی ممبران کے حق میں استعمال کرکے ہمارے صوبے اور اسمبلی پر ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے لگنے والے بدنما داغ کو دھو لیں گے ۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن سید لیاقت آغا نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہاکہ گزشتہ دس روز سے اخبارات میں مختلف خبریں اور آرٹیکلز اور ٹی وی پروگراموں میں اینکرز ہمارے ارکان اسمبلی کے بارے میں جو الفاظ استعمال کررہے ہیں اس سے دکھ ہورہا ہے ارکان کے بارے میں جو الفاظ استعمال کئے جاتے ہیں وہ قابل مذمت ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ بلوچستان اسمبلی میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی وہ جماعتیں ہیں جن کی ارکان نے ووٹ کے کسی خریدار کی کاغذات کی نہ تو تائید اور نہ ہی تجویز کی ہے جن لوگوں نے ووٹ خریدنے والوں کی تائید وتجویز کی ہیں ان کے نام بھی بتا سکتا ہوں ، پریس جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تائید وتجویز کرنے والوں کے نام چھاپے ہم بکنے والے نہیں بلکہ اپنی پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں گے یہ پشتونخوا میپ اور نیشنل پارٹی کا عہد ہے کہ ہم اپنی جماعتوں کے امیدواروں کو ہی کامیاب کریں گے ۔ میڈیا ان لوگوں کو بے نقاب کریں جو خرید وفروخت میں ملوث ہیں ایک ٹی وی چینل کے دو اینکر پرسن پشتونخوا میپ اور نیشنل پارٹی کے خلاف کیچڑ اچھال رہے ہیں ان سے کہتے ہیں کہ آئیں اور دیکھیں کہ حقائق کیا ہیں ۔ ٹی وی پر بیٹھ کر کسی پر کیچڑ نہ اچھالیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے سردار صالح محمد بھوتانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان بکاو مال نہیں اور نہ ہی ہماری ضمیر مردہ ہے کہ کوئی ہمیں خرید سکے اگر انفرادی طور پر کسی نے کوئی فعل کیا ہے تو وہ اس کا خودذمہ دار ہے ۔ نیشنل پارٹی کے رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے تمام ارکان کو لتاڑنے کی عمل کی مذمت کرتا ہوں ، بلوچستان میں میڈیا کی اہمیت ہے یہاں میڈیا کے دوستوں نے قربانیاں بھی دی ہیں مگر قومی میڈیا بلوچستان کو اہمیت نہیں دیتا ۔ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے جو باتیں ہورہی ہیں اس میں اگر ایک دو ارکان نے اپنی پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی ہیں تو ان کو بے نقاب کیا جائے تمام ارکان کو مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے ۔ ملک کے دوسرے حصوں خاص طور پر فاٹا میں جہاں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے وہاں میڈیا کو کچھ نظر نہیں آتا ۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ ہم نہ تو بکنے والے ہیں اور نہ ہی پیچھے ہٹنے والے ہیں میں نے اپنی پارٹی کے اندر اصولی موقف اپناتے ہوئے اپنی بیٹی کو سینٹ کی نشست کے لئے کھڑی کرکے میں نے تائید جبکہ راحت بی بی نے تجویز کی ہے ہم نے بکیں گے اور نہ میری بیٹی دستبردار ہوگی ہم انتخابات میں حصہ لیں گے ہمارا اپنا ایک ماضی ہے ایوب خان کے دور میں جمہوریت کے لئے ہم نے فاطمہ جناح کا ساتھ دیا تھا ہمیں مختلف قسم کے اشارے مل رہے ہیں لیکن ایک بات واضح ہے کہ 2003 میں میں ایم پی اے بنا تھا اور کسی سیٹ کی خواہش کا اظہار نہیں کیا تھا ہم پہلے بھی پیچھے بیٹھے تھے اور اب بھی پیچھے بیٹھنے کے لئے تیار ہیں چاہے جو کچھ بھی ہو اپنے اصولی موقف پر قائم رہیں گے ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن میں سب کو پتہ چل جائے گا کہ کون کس کو ووٹ دے رہا ہے بعض لوگ ذاتی عناد کی خاطر سیاسی پارٹیوں اور اکابرین کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صحافت کی میدان میں بھی خدمات انجام دی ہے برٹش دور میں بلوچستان پریس ایکٹ لایا استقلال اخبار نکالا جو قیام پاکستان کے بعد بھی جاری رہا لیکن ایک آمر نے آکر اس اخبار کو بند کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ۔ پوری اسمبلی کے لئے ہارس ٹریڈنگ کے الفاظ کا استعمال اس ایوان کی توئین ہے ۔ ایک یا دو ممبران کی حرکت کو پوری اسمبلی سے جوڑنا اخلاقی ، آئینی اور قانونی طور پر غلط ہے میڈیا کو چاہیے کہ وہ ان افراد کا نام سامنے لائے جو اس گندی حرکت میں ملوث ہوں ۔ تمام لوگوں پر الزام لگانا در ست نہیں ۔ حسن بانو رخشانی نے کہاکہ میں گزشتہ 10 سال سے اس ایوان کی رکن ہوں ماضی میں مرکز سے کچھ نام ضرور آئے تھے لیکن ہم نے باقاعدہ اسٹینڈ لیا کہ جو بھی منتخب ہوگا اس کا تعلق بلوچستان سے ہوگا ۔ ہماری اپنی روایات اور غیرت ہے ہم اپنی روایات اور غیرت کا سودا کبھی نہیں کریں گے اور نہ ہی اپنی ماں باپ اور پارٹی کا نام خراب کریں گے ۔ جمعیت علماء اسلام اصولوں پر مبنی جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ جمہوری اور اصولوں کی روایات کو اپنایا ہیں اپنی ضمیر کا سودا کسی صورت نہیں کریں گے ہم نے ہمیشہ ووٹ دینے کی پیشکشوں کو ٹھکرایا ہیں ،الیکشن کے دن اپنے ممبران کو ووٹ دے کر اس داغ کو ہمیشہ کے لئے دھو لیں گے ۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ جے یو آئی کے 8 ممبران ہیں پانچ مارچ کو ہونے والے سینٹ کے انتخابات میں پارٹی کے نامزد کردہ ممبران کو ووٹ دیں گے البتہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم نے تجویز و تائید کی ہیں مگر اس کا یہ مقصد نہیں کہ ہم نے اپنی ضمیر کو فروخت کیا ہیں میں دعویٰ کرتا ہوں کہ 5 مارچ کو ہارس ٹریڈنگ والا داغ نہیں لے گا ۔ زمرک اچکزئی نے کہا کہ پشتون بلوچ کے کچھ روایات ہیں ہم اپنی روایات کی ہر حال میں پاسداری کریں گے 5 مارچ کو اپنا ووٹ باقاعدہ دکھا دیں گے کہ ہم نے کس کے حق میں استعمال کیا ہے سیاسی پارٹیاں مشترکہ حکمت عملی اپنا کر ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ کریں ۔