کوئٹہ : کوہلو کے قریب سڑک کنارے نصب بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔ لورالائی، نصیرآباد اور لہڑی کے قریب سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں دس افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کوہلو کے قریب نامعلوما فراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب بم کو برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔ بم پبلک ٹرانسپورٹ اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ دریں اثناء نصیرآباد، جعفرآباد اور ڈیرہ بگٹی سے ملحقہ اوچ کے علاقے میں ایف سی نے سرچ آپریشن کیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن سیکورٹی فورسز پر بم حملوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے والے عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ ملزمان ایک موٹر سائیکل سے ایک موٹر سائیکل ایک موبائل فون اور پانچ آئی ڈی کارڈ برآمد کرلئے گئے۔ ادھر سبی کے قریب لہڑی کے علاقے تہری میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار شخص سے تفتیش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں لورالائی کے علاقے میختر میں سری ڈھاکہ کے مقام پر بھی ایف سی نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔