تہران: ایران نے پاکستان سے کالعدم تنظیم ’’جند اللہ‘‘ کے مبینہ جنگجو کمانڈر عبدالستار ریگی کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایران میں انٹرپول کے سربراہ مسعود رضوانی کے حوالے سے دعوٰی کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے کالعدم تنظیم ’’جند اللہ‘‘ کے کمانڈر اور ایران کو دہشت گردی کی مبینہ وارداتوں میں مطلوب عبد الستار ریگی کو سرحد کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ ایران نے سرکاری سطح پر ستار ریگی کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو عبد الستار ریگی کی گرفتاری کی تصدیق کی تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ ’’عبدالستار ریگی‘‘ کالعدم تنظیم ’’جند اللہ‘‘ کے سابق سربراہ عبد المالک ریگی کا قریبی رشتہ دار ہے جنہیں 2011 میں ایران نے پھانسی دی تھی۔
ایران کا پاکستان سے ’’جند اللہ‘‘ کے مبینہ جنگجو کمانڈر کی حوالگی کا مطالبہ
وقتِ اشاعت : March 5 – 2015