کرکٹ کے 11 ویں ورلڈ کپ میں جمعے کو گروپ بی کے ایک میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار چوتھا میچ جیت لیا ہے۔
آسٹریلوی شہر پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45ویں اوور میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔
بھارت نے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر چالیسویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ بھارت نے یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
دھونی 56 گیندوں میں 45 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کا ساتھ ایشون نے دیا جنھوں نے 32 گیندوں میں 16 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے زیادہ سکور نہ ہونے کے باوجود بھارتی کھلاڑیوں پر دباؤ رکھا۔
بھارت کا آغاز اتنا اچھا نہیں تھا۔ بھارت کی پہلی وکٹ گیارہ رنز کے مجموعی سکور پر گری جب دھون نو رنز بنا کر ٹیلر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ ساتویں اوور میں گری جب شرما سات رنز بنا کر ٹیلر ہی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
ویراٹ کوہلی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی اور 36 گیندوں میں 33 رنز سکور کیے۔ ان کو رسل نے آؤٹ کیا۔
بھارت کی چوتھی وکٹ 78 کے مجموعی سکور پر گری جب اجنکیا رہانے 34 گیندوں میں 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کو روچ نے آؤٹ کیا۔
رائنا سمتھ کے ہاتھوں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی چھٹی وکٹ 134 کے مجموعی سکور گری جب جدیجا رسل کی گیند پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر کے علاوہ کوئی جم کر نہ کھیل سکا۔
ہولڈر نے نصف سنچری بنائی اور وہ 57 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔
ان کے علاوہ سیمی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی اور اس ٹورنامنٹ میں ورلڈ کپ کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری بنانے والے کرس گیل دو مواقع ملنے کے بعد بھی 21 رنز ہی بنا سکے۔
بھارتی بولرز نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کی اور کسی بھی موقع پر بلے بازوں کو سنبھلنے نہیں دیا تاہم ٹیم کی فیلڈنگ معیاری نہیں تھیں اور کئی کیچ گرے۔
بھارت کے لیے محمد شامی نے تین جبکہ امیش یادو اور رویندر جدیجہ نے دو، دو وکٹیں لیں۔
اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے سپنر سلیمان بین کی جگہ میڈیم فاسٹ بولر کیمار روچ کو کھلایا ہے۔
بھارتی ٹیم میں محمد شامی کی واپسی ہوئی ہے جو بھوونیشور کمار کی جگہ یہ میچ کھیلیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دو میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شامی کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں آرام دیا گیا تھا۔
یہ اس عالمی ٹورنامنٹ میں بھارت کا چوتھا اور ویسٹ انڈیز کا پانچواں میچ ہے۔
ویسٹ انڈیز نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اپنے چار میچوں میں جہاں پاکستان اور زمبابوے کو شکست دی وہیں اسے جنوبی افریقہ کے علاوہ آئرلینڈ کی ٹیم سے اپ سیٹ شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
لگاتار چوتھی جیت، بھارت کوارٹر فائنل میں
وقتِ اشاعت : March 6 – 2015