|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2015

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولاک کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں میچ ونرز ضرور موجود ہیں لیکن ان کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ان کے ورلڈ کپ جیتنے سے انہیں حیرانی ضرور ہوگی۔ نیوی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک سٹیڈیم میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شان پولاک کا کہنا تھا جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم کی فارم اور کارکردگی گذشتہ چھ ماہ میں اچھی نہیں رہی۔ پولاک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ میچ میں کامیابی حاصل کریں لیکن پاکستان کی بلے بازی ابھی تک ناکام رہی ہے۔ ’اگر جنوبی افریقہ پاکستانی بلے بازی کو دباؤ میں لا کر جلدی وکٹیں لے لے تو باسانی میچ جیت جائے گی‘ پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بارے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ٹیم اگر محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کو اتنے بڑے ایونٹ سے پہلے کھو دے تو اس کی کارکردگی ضرور اثرانداز ہوگی۔ پاکستانی ٹیم عالمی کپ کے باقی میچوں میں اتنا اچھا کم بیک اور پرفارم کر سکتی ہے کہ ورلڈ کپ جیت جائے؟ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے شان پولاک کا کہنا تھا کہ جیتنے کے لئے اعتماد نہایت ضروری ہے لیکن پاکستانی ٹیم میں اس وقت اعتماد کا فقدان نظر آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان لگاتار تین میچ جیت کر سیمی فائنل تک پہنچ سکتا ہے لیکن اس کے لیے انھیں بہت ہی عمدہ کرکٹ کھیلنا ہو گی‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن موجودہ کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ’اگر پاکستان عالمی کپ جیت جا ئے تو حیرانی ہو گی‘۔