کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلع آواران کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع آواران ٹاؤن کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔اجلاس میں ایس ایم بی آر قمر مسعود ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری تعلیم سکولز ،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، سیکرٹری صحت ، سیکرٹری تعمیر و مواصلات ، سیکرٹری آبپاشی، ڈپٹی کمشنر آواران اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر تمام سیکرٹریز اپنے محکمے سے مختلف تفصیلی بریفنگ دی۔ جس میں کہا گیا کہ ضلع آواران میں سڑکوں کی تعمیر سکولز ، ڈی سی ہاؤس اور گورنمنٹ ملازمین کیلئے رہائش گاہ کی تعمیر پر کام جلد شروع کیا جائیگا۔چیف سکیرٹری نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ کام کی معیار کی بھی نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع آواران کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ جس میں تعلیم ، پینے کا صاف پانی ، صحت اور دوسرے سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے تمام سیکرٹریز کو باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔