|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2015

پاکستان کے کپتان نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ بھی بغیر سنچری کے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف عالمی کپ 2015ء کے اہم مقابلے میں مصباح الحق نے 56 رنز کی نمایاں ترین اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے21 ویں اوور کی آخری گیند پر عمران طاہرکی گیند کو مڈ وکٹ کی جانب کھیل کر یہ اہم سنگ میل بھی عبور کیا۔ یوں وہ ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے پہلے بلے باز بنے جنہوں نے بغیر کوئی سنچری بنائے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ویسے بغیر سنچری کے آج تک کوئی 4 ہزار رنز بھی نہیں بنا سکا، یہ اعزاز بھی مصباح ہی کا تھا۔ بعد ازاں مصباح الحق نے اپنی 42 ویں ایک روزہ نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان کو 222 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اپریل 2002ء میں شروع ہونے والے ایک روزہ کیریئر میں مصباح ابھی تک 160 مقابلے کھیل چکے ہیں اور 43.52 کے بہترین اوسط کے ساتھ 5049 رنز بنا چکے ہیں۔ ایسا نہیں ہےکہ مصباح کو کبھی سنچری بنانے کا موقع نہیں ملا۔ وہ کئی بار سنچری کے قریب پہنچے لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس جادوئی ہندسے کو حاصل نہ کرسکے۔ اگر 76 سے 96 رنز کے درمیان مصباح کی بہترین 9 اننگز دیکھی جائیں تو ان میں سے 8 میں ناقابل شکست رہے ہیں یہاں تک کہ دو مرتبہ 90 کے پیٹے میں بھی پہنچے، لیکن وائے قسمت۔ مصباح الحق اپنا آخری ایک روزہ ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں کیونکہ وہ عالمی کپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ اس لیے ان کے پاس سنچری بنانے کے لیے محض چند مقابلے ہی ہیں۔

بغیر سنچری کے سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
مصباح الحق  پاکستان 160 5049 96* 43.52 0 42
وسیم اکرم  پاکستان 356 3717 86 16.52 0 6
ایلٹن چگمبورا زمبابوے 173 3468 90 24.94 0 18
معین خان  پاکستان 219 3266 72* 23.00 0 12
ہیتھ اسٹریک زمبابوے 189 2943 79* 28.29 0 13
اینڈریو جونز نیوزی لینڈ 87 2784 93 35.69 0 25