|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2015

کوئٹہ حکومت ترکی نے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ سکالر شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے لئے درخواستیں 25فروری تا 31مارچ 2015ء جمع کروائی جاسکتی ہیں جس کے لئے تمام تراخراجات حکومت ترکی برداشت کرے گی۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن کی جانب سے مراسلہ بجھوایا گیا ہے جس میں سکالر شپ پروگرام کی تمام تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا گیا ہے کہ سکالر شپ پروگرام کے حوالے سے بلوچستان کے طلباء کو معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اس کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں درخواستیں جمع کرائیں اور ترکی کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع حاصل کریں۔درخواستیں آن لائی دی جاسکتی ہیں جو کہ بلامعاوضہ ہے۔ انڈر گریجویٹ پروگرام میں ریجنل انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام، ابن سینا میڈیکل سائنس سکالر شپ پروگرام، یونس امری ٹرکش لینگویج سکالر شپ پروگرام اسلامک تھیالوجی سکالر شپ پروگرام، آرٹ سکالر شپ پروگرام اور سپورٹس سکالر شپ پروگرام شامل ہے جبکہ پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں الکسکو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ابن خلدون سوشل سائنس، یونس امری ٹرکش لینگویج، اسلامک ٹیکنالوجی، آرٹ اور سپورٹس سکالر شپ پروگرامز شامل ہیں۔ مراسلہ میں بتایا گیاہے کہ حکومت ترکی سکالر شپ حاصل کرنے والے کامیاب طلباء کے تمام تر اخراجات برداشت کرے گی جس میں ماہانہ وظیفہ جو کہ انڈر گریجویٹ پروگرام کے طلباء کے لئے 600ٹرکش لیرا، ماسٹرز پروگرام کے لئے 850 ٹرکش لیرااور پی ایچ ڈی پروگرام کے لئے 1200ٹرکش لیرا ہے جبکہ تمام ٹیوشن فیس، ایک سال کا بلامعاوضہ ٹرکش لینگویج کورس، بلامعاوضہ رہائش، جہاز کا دوطرفہ ٹکٹ اور ہیلتھ انشورنس بھی دی جائے گی۔ سکالر شپ کی تفصیلی معلومات ویب سائٹ www.trscholarships.orgسے حاصل کی جاسکتی ہیں جبکہ خواہشمند طلباء کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ ویب سائیٹ www.turklyeburstarl.gov.trپر آن لائن اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ترکی کی حکومت کی جانب سے سکالر شپ پروگرام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو پروگرام کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرکے انہیں پروگرام کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی ترغیب دی جائے تاکہ وہ ترکی کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاسکیں۔