پشاور: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب خیبر ایجنسی سے ایک چینی شہری کو گرفتار کرلیا۔
چینی شہری لیو یونگ گوانگ کو سیکیورٹی فورسز نے تخت باغ چیک پوسٹ کے قریب سے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ چینی شہری کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں، جسے مزید تفتیش کے لیے پولیس کی اسپیشل برانچ کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد بارڈر انتظامیہ کی جانب سے سرحد پار سفر کرنے والے افراد کے سفری دستاویزات کی سختی سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سرحد پار معمول کی سفری سرگرمیوں میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔
حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔
جبکہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔