ہوبارٹ: سری لنکا کی ٹیم نے اپنے آخری گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 148 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی تو لہیرو تھری مانے صرف چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 195 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
دلشان آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 104 رنز بنانے کے بعد جوش ڈیوی کی وکٹ بنے۔
دوسرے اینڈ سے سنگاکارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، اس دوران انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں لگاتار چار سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
244 کے اسکور پر مہیلا جے وردمے اور سنگاکارا یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے، سنگاکارا نے 124 رنز ی اننگ کھیلی۔
اس کے بعد اینجلو میتھیوز اور کشال پریرا نے تیز رفتاری سے بلے بازی کی اجس کی بدولت سری لنکا نے 50 اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 363 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
میتھیوز نے 51 جبکہ پریرا نے 24 رنز بنائے۔
جواب میں اسکاٹ لینڈ کی کمزور ٹیم شروع سے ہی بڑے ہدف کے دباؤ میں نظر آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
60 رنز بنانے والے میٹ مچن اور 70 رنز بنانے والے مریسٹن موم سین کے سوا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری اسکاٹش ٹیم 215 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا نے 148 رنز سے فتح حاصل کر کے ورلڈ کپ میں چوتھی کامیابی بٹوری جبکہ وہ پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔
سنگاکارا کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔