|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2015

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے زمبابوے کو سابق کوچ ہوزے کلوڈینی جارجینی کو رقم کی عدم ادائیگی پر فٹ بال کے عالمی کپ 2018 کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے نکال دیا گیا ہے۔ فیفا کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ اقدام ’واجب الادا بقایاجات کی عدم ادائیگی کے نتیجے میں کیا گیا۔‘ فیفا کے مطابق زمبابوے فٹ بال ایسوسی ایشن (زیفا) مقرر مدت میں ادائیگی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس اقدام کے ساتھ ہی زمبابوے کی کوالیفائنگ راؤنڈ میں کوئی میچ کھیلے بغیر ہی روس میں ہونے والی عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ افریقن زون کے کوالیفائنگ مقابلے اکتوبر میں منعقد ہوں گے اور اس کے لیے ڈراز جولائی میں روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں نکالے جائیں گے۔ زمبابوے کی فٹ بال ٹیم کبھی بھی عالمی کپ مقابلوں کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔ والنہوس کے نام سے مقبول برازیلین نژاد کوچ جارجینی نے سنہ 2008 میں جنوری سے نومبر تک زمبابوے کی قومی ٹیم کے لیے خدمات سرانجام دیں تھیں۔ اس وقت سے زمبابوے کی جانب سے انھیں رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ سنہ 2012 میں فیفا کی جانب سے زمبابوے کی فٹ بال ایسوسی ایشن کو واجبات کی ادائیگی کا کہا گیا تھا۔ تاہم متعدد تنبیہہ کرنے اور مقررہ تاریخ کے باوجود واجبات ادا نہ کیے گئے۔ فیفا کے مطابق زمبابوے نے ٹیم خارج کیے جانے کے خلاف اپیل نہیں کی ہے۔ زمبابوے فٹ بال ایسوسی ایشن اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ اس پر تقریباً 40 لاکھ امریکی ڈالر کا قرض ہے اور حال ہی میں فیفا کی جانب سے قائم کیے گئے تربیتی مراکز کی فروخت سے سابق کوچ کے ساتھ قانونی تنازعہ حل کیا جائے گا۔