کوئٹہ :نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ سینٹ کے حالیہ الیکشن سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے الیکشن کے دوران حکومت کا کردار قابل تعریف تھا اور نیشنل پارٹی کے نومنتخب سینیٹرز نے ایک پائی بھی خرچ نہیں کی کیونکہ ہم سیاست کو کاروبار نہیں سمجھتے ان خیالات کااظہار سینیٹر حاصل بزنجو نے پارٹی کے نو منتخب سینیٹرز کے اعزاز میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے مگر یہ کامیاب صرف اس صورت میں ہو گا جب سیاسی جماعتیں عوام کی سوچ بدلیں۔عوام دہشت گردی کی مزمت کرتے ہیں مگر دہشت گردوں کی نہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔وقت کے ساتھ انتہا پسندانہ سوچ مضبوط اور ترقی پسند سوچ کمزور ہوتی جا رہی ہے اور ان جو داعش کیلئے خوشخبری ہے۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں مرکز کے رویہ میں تبدیلی آئی ہے جس سے بلوچستان بھی اپنے آپ کو پاکستان کا شہری سمجھنے لگے ہیں اور انکا رویہ بہتر ہو رہا ہے۔نیشنل پارٹی کی حکومت بلوچستان کے مختلف شعبوں بشمول امن و امان، صحت، تعلیم اور معیشت میں خوشگوار تبدیلی لا رہی ہے اور ہم اٹھاروں ترمیم کی روشنی میں اپنے حصہ سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے جسکے بغیر کوئی معاشرے ترقی یافتہ کہلانے کا مستحق نہیں۔ اس موقع پر نو منتخب سینیٹر میر کبیر ، ایم پی سے یاسمین لہڑی، ایوب ملک اور دیگر نے اپنے خطاب میں وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مشہور ماہر معیشت قیصر بنگالی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں ترقی کا ایک مربوط منصوبہ بنایا گیا ہے جسکی بنیاد سیاسی لوگوں کی پسند کے بجائے عوام کی فلاح ہے جس سے ہموار ترقی یقینی ہوگی۔