|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2015

آکلینڈ: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری ورلڈ کپ میں ہندوستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ زمبابوے نے اسے جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان کی اننگز کا آغاز زیادہ خوش آئند نہیں تھا کیونکہ اس کے ابتدائی وکٹیں شروع کے اوورز میں ہی گر گئی تھیں۔ ہندوستان کی دو وکٹیں 21 رنز پر گری جب روہیت شرما 16 اور شیکر دھون 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ویرات کھولی اور اجانکیا راہنے نے 50 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور 71رنز پر راہنے 19 رنز بنا آؤٹ ہوئے۔ 92 کے اسکور پر کھولی بھی 38 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس موقع پر ہندوستان مشکل میں نظر آنے لگا مگر کپتان مہندر سنگھ دھونی اور سریش رائنہ نے 196رنز کی پارٹنر شپ بناکر ہندوستان کو شکست دی۔ رائنہ نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے جبکہ دھونی نے 85 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ زمبابوے کے پنیانگارا نے 2 اور سکندررضا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے 138 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز
زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے 138 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز
قبل ازیں ہندوستان کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کے کھلاڑی ہندوستان کے اٹیک کا سامنا نہ کر سکے اور صرف 33 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ برینڈن ٹیلر اورشاؤن ویلیئمز نے93 رنز کی چوتھی وکٹ شراکت قائم کر کے مجموعی اسکور کو آگے بڑھایا۔ 126 کے مجموعی اسکور پر شاؤن ویلیئمز 3 چوکے اور 3 چھکے لگا کر 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد کیگ ایروائن نے ٹیلر کے ساتھ 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی مگر اس پارٹنر شپ میں ٹیلر کی تیز اننگز شامل تھی انہوں نے اس پارٹنر شپ میں 84 رنز بنائے۔ کپتان برینڈن ٹیلر زمبابوے کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے انہوں نے 110 گیندوں پر 5 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنائے، یوں 235 رنز تک ٹیم کو پہنچانے میں ان کی اننگ کا اہم کردار تھا۔ 235 پر ٹیلر کے آؤٹ ہونے پر ایک بار پھر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہو گیا اور 286 کے مجموعے پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ اس دوران بلے باز کریگ اروین 27، سکندر رضا28، چیکبوا10، پنینگارا 6 رنز اور ٹینڈائی چٹارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب ہندوستان کے باؤلرز محمد شامی،امیش یادو اور موہت شرما 3، 3وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ روی چندرن ایشون 1 کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے ۔