|

وقتِ اشاعت :   March 15 – 2015

کوئٹہ:  بی ایس او آزاد پنجگور زون آرگنائزنگ باڈی اجلاس زیر صدارت زونل آرگنائزنگ منعقدہوا، جس کے مہمان خاص بی ایس او آزاد کے مرکزی جونیئر وائس چئیرمین کمال بلوچ تھے۔ بلوچ شہداء کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمال بلوچ نے کہا کہ بلوچ سماج میں آگاہی پھیلانے اور بلوچ قومی تحریک کے لئے کیڈرز پیدا کرنے کی وجہ سے بی ایس او کو ہمیشہ ریاستی اداروں و نام نہاد پارلیمنٹ پرست پارٹیوں اور سرداروں نے اپنے زیر عتاب کرنے کی کوشش کی ہے۔لیکن پختہ و باشعور سیاسی کارکنوں کی مسلسل جہد کی وجہ سے ریاستی ادارے اپنی خواہشات کی تکمیل نہیں کرسکے۔ جہد آزادی میں فکری شمولیت اور اپنے فکر کی پرچار کرتے ہوئے بی ایس او آزاد کے سینکڑوں لیڈران قابض ریاست کے ہاتھوں اغواء و شہید ہو چکے ہیں۔ لیکن ان کے فکر و عمل کی وجہ سے بلوچ نوجوان ان کے کاروان میں شامل ہو کر اس جدجہد کا حصہ بن رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ قومی آزادی کی تحریکیں بغیر قربانیوں کے کامیاب نہیں ہوسکتیں ۔ ہر تحریک کا تقاضا تحریک میں شامل ورکراں سے یہی رہا ہے کہ وہ تمام مشکلات و مصائب کو خندہ پیشانی سے قبول کر کے آزادی و انقلاب کے لئے زمہ داریاں ادا کرتے رہیں۔ حالیہ چند وقتوں سے بی ایس او آزاد کے اندرونی معاملات سمیت تحریک کے حساس معاملات کو چند نا عاقبت اندیش لوگ میڈیا میں لا کر تنقید و اصلاح کے نام پر سیاسی روایات کو پامال کررہے ہیں ۔تنظیمی معاملوں کو تنظیم کے دائرے میں رہ کر حل کرنے کے بجائے ایک ایسی پلیٹ فارم پر حل کرنے کی کوششیں ’’جہاں دوست و دشمن کا تعین نہیں ہوسکتا‘‘خام خیالی و لاحاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ سیاسی ورکران و نوجوان اس طرح کی خیالی باتوں و بے عمل کرداروں کی جھوٹ پر کان دھرنے کے بجائے عملی سیاست میں اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ اور اپنے مستقبل کے کیڈرز کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ اگر سیاسی کارکنان نا پختگی و ہدف کا تعین کیے بغیر سیاست میں شریک ہو جاتے ہیں تو توڑی سی مدت میں سامنے آنے والی مشکلات سے گھبرا کر وہ جہد سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔علاقائی سیاسی صورتحال کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت اور عالمی طاقتوں کی بدلتی دلچسپیوں کے پیش نظر بلوچ خطہ کو ایک انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔ معدنی وسائل سے مالامال اور سالہا سال تجارت کے لئے دستیاب سمندر بلوچ سرزمین کی اہمیت کو دگنا کردیتے ہیں۔ توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ممالک اور ان وسائل کو سستے داموں حاصل کرنے والی کمپنیاں تنظیمی حوالے سے ایک کمزور قوم کو کسی صورت ابھرنے نہیں دیں گے۔ اگر بلوچ نوجوان صحیح معنوں میں بلوچ قومی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو وہ سطحی خیالات و عامیانہ رویوں کو ترک کے سیاسی ورکر کی حیثیت سے ان تمام مشکلات کا جائزہ لیں، اور ان پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں تنقیدی نشست و آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈوں پر مباحثہ کے بعد نئی زونل آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی۔