کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صو بائی وزیرریونیو ایکسائز و ٹرانسپورٹ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ گوادرپورٹ کیلئے جو زمین ایوارڈ ہوئی تھی یہ عمل انتہائی غلط طریقے سے ہوا ہے جس میں حکومت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا ہے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مقامی اخبارات میں بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے گوادر پورٹ کیلئے ایوارڈ شدہ زمینوں پر تنقیدی بیانات شائع ہونے کے بعد کہی‘جعفرمندوخیل نے کہاکہ ان سیاسی رہنماؤں کے خدشات بالکل درست ہیں اور ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ غلط طریقے سے زمین ایوارڈ کی گئی ہے ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس عمل میں اس وقت کے کلیکٹرنے اپنے محکمے ریونیو بورڈ کو بھی اعتماد میں نہیں لیاتھا اور تمام اقدام اپنے طورپر کیا تھا جس سے واضح طور پر بدنیتی ظاہر ہو تی ہے کہ یہ عمل غیر شفاف اور بددیانتی پر مبنی تھا جعفرمندوخیل نے کہا کہ گوادر پورٹ کیلئے ایوارڈ شدہ زمینوں کی پے منٹ میں نے خود رکھوائی ہے کیونکہ اس میں غبن کی گئی ہے موجودہ صورتحال میں ہم نے یہ ہدایت کی ہے کہ کلیکٹر کے اس اقدام کی انکوائری نیب یا اینٹی کرپشن سے کروائی جائے اور اس سلسلے میں جہاں تک لوگوں کو ان کے رقومات کی ادائیگی کا سوال ہے تو ہم نے با حالت مجبوری اچھے کردار کے لوگوں کی کمیٹی بنائی ہے جو لوگوں کی رقومات کی ادائیگی کو انتہائی شفاف طریقے سے زمینوں کے اصل مالکان تک پہنچائے تاکہ درمیان یہ رقم کسی غلط ہاتھوں میں نہ جائیں جعفرمندوخیل نے کہاکہ حکومت بلوچستان کو تونقصان ویسے ہوا ہے بلکہ پہنچایاگیا ہے تو ہم یہ چاہتے ہیں کہ جہاں تک فائدہ پہنچنے کی بات ہے وہ تو حکومت بلوچستان کو نہیں پہنچ سکتا لہٰذا ہم کسی آفیسر کو بھی یہ فائدہ نہیں پہنچنے دینگے بلکہ ہم نہ تہیہ کررکھا ہے کہ یہ فائدہ اب عوام کو پہنچایاجائیگا جعفرمندوخیل نے مزید کہا کہ رقومات کی تقسیم کو روکنے کا فائدہ یہ ہوا کہ ایک ارب سے زیادہ کی زمینیں جو سرکارکی تھیں ان کے جھوٹے ناموں پر لوگوں کو دینے کا جو پروگرام تھا اور سازش تھی وہ ناکام ہو ئی اور اس تمام پروسس میں ہم نے حکومت بلوچستان کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم کی زمینیں بچالی ہیں اور لوگوں کو اب کمیٹی کے ذریعے ان کا حق منصفانہ اور شفاف انداز میں ملے گا اس میں کسی قسم کی غبن کی کوئی گنجائش ہم نہیں چھوڑی ہے اور رقم کے تقسیم اب شفاف انداز میں ہوگی۔