|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2015

کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نمائندگان کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشایئے کے مہمان خصوصی گورنر محمد خان اچکزئی تھے، عشایئے میں کوئٹہ کے نئے منتخب میئر ، ڈپٹی میئر اور بلوچستان کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے نئے منتخب چیئرمین اور میونسپل کارپوریشنز کے تمام نمائندوں نے شرکت کی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بلوچستان حکومت نے سب سے پہلے کامیاب اور پر امن بلدیاتی انتخابات منعقد کروا کے ایک تاریخ رقم کی اور مجھے امید ہے کہ بلدیاتی انتخاباتم یں کامیاب نمائندے بلوچستان کی عوام کی ترقی وبھلائی کیلئے بھر پورخدمت انجام دیں گے، منتخب نمائندوں کو بلوچستان کی صورتحال کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی ، بلوچستان کے نومنتخب بلدیاتی نمائندگان نے کمانڈر سدرن کمانڈ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک نئی سوچ اور فکر کے ساتھ ان تمام نمائندگان کو مدعو کر کے یکجا کیا، اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی اس سوچ کو سراہتے ہوئے انہوں نے یہ عہد کیا کہ بلوچستان کے عوام کو پستی سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں خصوصی کردار ادا کریں گے اور ثابت کریں گے کہ لوگوں نے ان پر بھروسہ کر کے واقعی درست فیصلہ کیا ہے، مہمان خصوصی گورنر بلوچستان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ نے جس طرح بلوچستان کی مخلوط حکومت کی ہر قدم پر مدد کی ہے اس طرح بلدیاتی نمائندگان کو ایک مقام پر اکٹھا کر کے اپنی ترقیاتی سوچ اور بلوچستان کے عوام سے دلی محبت کا ثبوت دیا ہے، نئے بلدیاتی نمائندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی یہ بنیادی سیڑھی اور غریب عوام کی شنوائی کی دہلیز ہے، اور امید کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے منتخب نمائندگان اپنے اپنے علاقوں کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے