|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2015

کوئٹہ:  بی ایس او آزاد شہید حمید زون آرگنائزنگ باڑی اجلاس زیر صدارت زونل آرگنائزر منعقد ہوا۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے ممبر تھے۔ اجلاس میں ،سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ، تنظیمی امور، سیاسی صورتحال، تنقیدی نشست و آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز بلوچ شہدا کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچ قومی تحریک کی عوامی پزیرائی و ایک اہم طاقت کے طور پر ابھرنے کے ڈر سے فورسز بلوچ نوجوانوں کے لئے طرح طرح کے مشکلات پیدا کررہے ہیں تاکہ بلوچ نوجوانوں کو تحریک سے دور رکھا جا سکے۔ سکول و کالجوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدلنے کے ساتھ ساتھ بی ایس او کے خلاف منظم پروپگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس او آزادبلوچ نوجوانوں کی تنظیمی تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سیاسی حوالے سے بھی تربیت کررہی ہے جس کی وجہ سے ریاستی تمام ادارے بی ایس او آزاد کو نقصان و تقسیم کا شکار کرنے کے در پے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ دنیا کی تیزہوتی ترقی کی رفتار اور عالمی طاقتوں کی بدلتی ہوئی دلچسپیاں نوجوانوں سے یہی تقاضا کررہی ہیں کہ وہ سنجیدگی سے اپنی سیاسی تعلیم و تربیت پر زور دیں۔ دلچسپ و خوش کن نعروں اور بے عمل پروپگنڈوں پر کان دھرنے کے بجائے قومی تحریک کے لئے متحرک ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔ کیونکہ سیاسی شعور سے عاری ذہنیت و غیر انقلابی کارکن انقلابی تقاضوں کو پورا کرنے کے بجائے چیلنج و مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے بر عکس ان مشکلات کے سامنے ہار مان جاتے ہیں۔بلوچ نوجوان جدوجہد کے دوران آنے والی مشکلات اور ریاستی سازشوں کو سمجھنے کے لئے خود کو سیاسی و شعوری حوالے تیارکریں۔اجلاس میں تنقیدی نشت و آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈوں پر مباحثہ کے بعد نئی زونل آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی۔