|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2015

کوئٹہ:  فرنٹےئرکوربلوچستان کا ڈیرہ بگٹی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈسرچ آپریشن ۔آپریشن کے دوران 08مشتبہ افراد گرفتار،خودکارہتھیار اورایمونیشن برآمدکرلیا گیا جبکہ حب میں غیرقانونی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے ہزاروں لیٹرڈیزل برآمد۔تفصیلات کے مطابق فرنٹےئرکور بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے ماراؤ اورکوردان میں ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 8مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے کران کے قبضے سے خودکارہتھیاراورایمونیشن برآمدکرکے تفتیش شروع کردی۔ایک دوسری کارروائی میں فرنٹےئرکوربلوچستان نے حب کے علاقے میں غیرقانونی تیل کی اسمگلنگ کوناکام بناتے ہوئے 12500لیٹرایرانی ڈیزل برآمدکرکے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا۔واضح رہے کہ مذکورہ ایرانی ڈیزل مند،تربت اورگوادرسے کراچی اسمگل کیا جارہا تھا۔ایک اورکارروائی میں فرنٹےئرکورنے لورالائی اوردالبندین میں چیکنگ کے دوران 10غیرقانونی افغان باشندوں کو گرفتارکرکے پولیس کے حوالے کیا۔آئی جی ایف سی بلوچستان میجرجنرل شیرافگننے ایف سی کے جوانوں کے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئرکورصوبے میں بد امنی پھیلانے والے شرپسندوں ،اسمگلروں اور جرائم پیشہ افرادکیخلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی اور جہاں بھی جرائم پیشہ افرادکی موجودگی کی اطلاع ملے گی ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء کوئٹہ میں یوم پاکستان کے موقع پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ ہزار گنجی میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ہمراہ کوئٹہ کے پولیس تھانہ شالکوٹ کی حدود ہزار گنجی میں واقع مری کیمپ میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایک سو بیس کلو گرام دھماکا خیز مواد ، تین عدد راکٹ لانچر، تین عدد ٹینک شکن بارودی سرنگیں،دس عدددستی بم اور گیارہ عدد بیس ایم ایم مارٹر گولے شامل ہیں تاہم کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پکڑا گیا اسلحہ 23 مارچ کے موقع پر دہشتگردی کیلئے استعمال کیا جانا تھا ۔