|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2015

کوئٹہ: میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمہ اور عمارات کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف مہم کا آغاز کردیا ہے ڈپٹی کمشنر داؤد خلجی اور ڈپٹی مےئر محمد یونس بلوچ کی سربراہی میں چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن عطاء اﷲ بلوچ انسداد تجاوزات سیل کے سربراہ محمد اسلم بلوچ پر مشتمل ٹیم نے جمعہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے یٹ روڈ پر ایک عمارت کو سربہمر کردیا جس کا نقشہ بیسمنٹ کے طور پر منظور کرایاگیا تھا لیکن کاروباری مقاصد کے تحت یہاں دکانیں تعمیر کرلی گئی ہیں ڈپٹی کمشنر نے لندن سٹریٹ میں قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والی چار عمارات کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم جاری کیا۔ ٹیم نے پٹیل روڈ پر واقع ڈاکٹر ز ہسپتال الشفاء ہسپتال، کڈنی کےئر جنرل ہسپتال ، یاسین ہسپتال اور زرغون روڈ پر اکرم ہسپتال کے بیسمنٹ کا معائنہ کیا اور تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے سامنے بنائی گئی پارکنگ فوری طور پر ختم کی جائے ہسپتال انتظامیہ کو کہا گیا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر بیسمنٹ بنائی جائے بصورت دیگر ہسپتالوں کو سیل کردیا جائے گا گولیمار چوک پر زیر تعمیر ہسپتال کے معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی میر محمد یونس بلوچ نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے پلازہ عمارات اور ہسپتالوں کی ایک ہفتے کے اندر اندر منظوری حاصل کریں ورنہ ساری عمارات سربمہر کردی جائیں گی ڈپٹی مےئر نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے انجینئرگ سیل نے کافی عرصہ سے تجاوزات کے خلاف نوٹس جاری رکررکھا ہے لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کیلئے کارپوریشن ہر صورت میں اپنے قوانین پر عملدرآمد کروائے گی اور شہریوں کے فلاح و بہبود کیلئے کوششیں جاری رہیں گی انہوں نے کہا کہ رہائش کیلئے مختص جگہوں پر کاروباری مقاصد کیلئے غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مےئر میٹروپولیٹین کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اﷲ کے حکم پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کریک ڈاون کو نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر داؤ خلجی نے کہا کہ غیر قانوی پارکنگ بنانے کی وجہ سے شہری سخت مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی پارکنگ بلا تاخیر ختم کی جائیں اور پارکنگ کا انتظام بیسمنٹ میں کیا جائے انہوں نے امدادچوک اور ڈاکٹر سلطان ترین ہسپتال کے دورے کے دوران عمارت کے کچھ حصوں کو گرانے کے احکامات جاری کئے جس پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کردیاگیا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض رہائشی عمارتیں تعمیر ہوئیں جنہیں بعدازاں ہسپتالوں میں تبدیل کردیاگیا جو غیر قانونی ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں کسی جگہ 4منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی اجازت نہیں اور بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی مےئر نے اس موقع پر کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کیلئے پریشانی کا سبب بننے والے تجاوزات کو قطعی قبول نہیں کریں گے۔