ہرنائی(پ ر) صوبائی وزیر قانونی پارلیمانی امور ،اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ ایف سی حکومتی فورس ہے جو آئین و قانون کے تحت حکومتی احکامات اور فیصلوں کی پابند ہے ضلع ہرنائی میں کول مائینز مالکان سے کوئلے پر جبری رقم وصول کرنے اور خوست میں عوام کی ملکیت پر غیر متعلقہ افراد اور علاقے سے باہر قبضہ گر عناصر کی قبضہ گیری کیلئے کیا گیا معاہدہ آئین و قانون کے سراسر منافی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری کالج ہرنائی میں سالانہ اسپورٹس کے اختتام پر انعامات کے تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و وزیراعلیٰ کے کوارڈینٹر احمد جان ، پشتونخوامیپ کے ضلعی سیکرٹری و مونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید غفورشاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر نورمحمد ترین نے سپاسنامہ پیش کیا اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈگری کالج کے پروفیسر حمیداللہ کا کڑ نے سرانجام دئیے تقریب میں ضلع ہرنائی کے قبائلی معتبرین بلدیاتی اداروں کے نمائندوں ، سرکاری آفیسران ، اساتذہ اور کالج اسٹاف اور طلباء نے کثیرتعداد میں شرکت کی صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ، وزیراعلیٰ ، صوبائی کابینہ نے اس غیر آئینی و غیر قانونی معاہدے کو منسوخ کیا ہے اور ضلع ہرنائی کے عوام ،کول مائینز مالکان نے صوبائی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عملی بنانے کی استدعا کی ہے انہوں نے کہاکہ اگر صوبائی حکومت کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا گیا اور ضلع ہرنائی میں کول مائینز سے ایف سی کو نہ ہٹایا گیا تو پارٹی عوام کی تائید و حمایت سے احتجاجی تحریک شروع کریگی جس میں تمام جمہوری سیاسی پارٹیوں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ احتجاجی تحریک میں ساتھ دیکر ضلع میں کول مائینز کی صنعت کو تباہی سے بچائیں کیونکہ کول مائینز مالکان قانون کے مطابق حکومت اور پی ایم ڈی سی کو رائلٹی ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ایف سی کومزید رقم دینے سے کوئلے کی صنعت خسارے کا شکار ہوکر بند ہوگی جس سے ہزاروں مزدور بیروزگار ہونگے اور سینکڑوں کول مائینز مالکان کی تجارت و کاروبار ختم ہوگا اور اسی طرح خوست میں کوئلہ کا ذخیرہ مائینز مقامی عوام کی ملکیت ہے جس پر ضلع سے باہر قبضہ گر ٹولے کی قبضہ گیری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جاسکتا صوبائی وزیر نے ڈگری کالج کیلئے بیچلر لاجز ، کمپیوٹر لیب اور طلباء کے سالانہ ٹور کیلئے اور سالانہ اسپورٹس ویک کیلئے فنڈز دینے کے اعلانات بھی کئے جبکہ مونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید غفور شاہ نے ڈگری کالج ہال ہرنائی جوکہ انتہائی خستہ حال ہے کی فوری تعمیر و مرمت کرنے کا میونسپل کمیٹی کی جانب سے بھی اعلان کیا تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر ودیگر نے مختلف کھیلوں میں پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔