|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2015

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل وسائل کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے کیونکہ ہمارے اکابرین نے صوبے کیلئے طویل جدوجہد کرکے آج ان کے بدولت عوام کی خدمت کاموقع ملاہے نیشنل پارٹی کی قومی جدوجہد لازوال قربانیوں کا ثمر ہے ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر میں ورکر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پرصوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ ،ضلعی چیئرمین کیچ حاجی فدا احمد دشتی ‘ ٹاؤن چیئرمین عابد سورابی ممبر سنٹرل کمیٹی محمد جان دشتی ‘ واجہ ابولحسن ‘ضلعی صدر حمید حاجی ‘ نیشنل پارٹی کے رہنماء عبدالصمد بلوچ ‘ حفیظ جعفر ‘ حاجی موسیٰ جان خلجی ودیگر پارٹی رہنماؤں نے ورکر کانفرنس سے خطاب کیامقررین نے کہاکہ ہماری قومی جدوجہد کا اہم جذو ہے یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم اپنے حق حاکمیت کے حصول سے دستبردار ہوں اورہم قومی مفادات کو سامنے رکھ کر گوادر کی ترقی کے اقدامات کریں گے گوادر میں ورکر کانفرنس کے انعقاد سے کارکنوں کے اندر ایک نیاجوش و جذبہ پیدا ہوا ہے جس سے نیشنل پارٹی کو گوادر سمیت بلوچستان بھر میں پذیرائی حاصل ہوگی انہوں نے کہا کہ گوادر میں جس طرح نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے قومی مفادات کو سامنے رکھ کر پارٹی کی مقبولیت کیلئے کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ گوادر کی عوام نے نیشنل پارٹی پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں بلدیاتی الیکشن میں جوکامیابی دلائی ہے نیشنل پارٹی کے نمائندے اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے ضلع و ٹاؤن کی ترقی کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں گے اور عوام کو ایک بہتر پرامن ماحول فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ گوادرکی عوام ہمیشہ قومی جدوجہد کے حوالے سے پیش پیش رہی ہے اور نیشنل پارٹی کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتے ہوئے قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے نیشنل پارٹی گوادر کی عوام اور پارٹی کارکنوں کو یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ گوادر کی عوام کیلئے ایک ایسا سیاسی ماحول فراہم کرے گی جس کی بنیاد قومی مفادات ‘ شعوری اور علمی بنیادوں پر قائم ہوگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ورکر پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے پارٹی ایک جامعہ پالیسی مرتب کررہی ہے جس کے باعث گوادر کے کارکنوں سمیت پارٹی کے تمام کارکنوں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی ہورہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے بھی حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے سب سے پہلے بلوچستان بھر میں ازسر نو ممبر سازی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ پارٹی کارکنوں کیساتھ ساتھ پارٹی کے آئین و منشور سے متفق مزید افراد کو بھی پارٹی ممبر بنایاجاسکے جوپارٹی کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل نے ممبر سازی مہم کا بھی افتتاح کیا اور کارکنوں کو ممبرشپ کارڈ تقسیم کئے انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے اپنے علاقوں میں ممبر سازی مہم کو فعال بنائیں اور ہر اس فرد کو پارٹی ممبر شپ کارڈ فراہم کریں جو پارٹی کے آئین و منشور سے اتفاق کرتا ہے اور پارٹی کارکن بھی اپنی ممبر شپ تجدید کریں تاکہ انہیں کمپیوٹرایزڈممبر شپ کارڈ فراہم کئے جاسکے انہوں نے ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری کو ہدایت جاری کیں کہ وہ ممبر سازی مہم کیلئے جلد ازجلد پروگرام ترتیب دیں اور گوادر کی تمام تحصیل و یونٹس میں میٹنگ کرکے ممبر شپ کارڈ تقسیم کرکے ان کا تمام ریکارڈ ضلع میں محفوظ کرتے ہوئے مرکز کو ارسال کریں ۔