سکھر : ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حرمین شریف کی حفاظت کے لئے پوری پا کستا نی قوم سعودی عرب کے ساتھ ہے‘ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں‘ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب سے ہر ممکن تعاون کرینگے۔ اتوار کے روز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حرمین شریف کا دفاع ہر مسلمان کے لئے فرض ہے۔ پاکستان مکہ مکرمہ کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا اور ضرورت پڑ نے پر سعودی حکومت کو دفاعی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان سمیت امت مسلمہ کو سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ تحریک انصاف کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت میں معاملات آخری مراحل پر ہیں اور تحریک انصاف نے اسمبلیوں میں واپسی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔