|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2015

کراچی: خانہ جنگی کے شکار یمن سے پاکستانیوں کے انخلا کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 502 پاکستانیوں کو بحفاظت واپس وطن پہنچا دیا گیا ہے۔ یمن کے حدیدہ ایئرپورٹ سے پی آئی کی خصوصی پرواز پی کے 7002 کے ذریعے 502 پاکستانیوں کوبحفاظت کراچی ایئرپورٹ لایا گیا جہاں مسافروں کے اہل خانہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر آنکھیں نم کردینے والے مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب کہ وطن واپس پہنچنے پر مسافروں نے پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ مسافر اپنے اہل خانہ کے ساتھ لپٹ لپٹ کر روتے رہے جب کہ اہل خانہ نے اپنے پیاروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اسی طرح وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پی آئی اے انتظامیہ نے یمن سے آنے والوں کو گلدستے بھی پیش کئے۔ کراچی  پہنچنے والے 502 مسافروں میں سے 300 کا تعلق اسلام آباد سے ہے جنہیں خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد بھجوادیا گیا جہاں ان کا استقبال وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کیا، ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہنچنےوالوں کا وزیراعظم کی جانب سے خیرمقدم کرتاہوں، وزیراعظم نواز شریف محصور شہریوں کی وطن واپسی کے لئے پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں تھے اور آپریشن کی خود نگرانی کررہےتھے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حفاظت ہمارا فرض ہے،  یمن میں محصورایک ایک پاکستانی کووطن واپس لائیں گے۔ واضح رہے یمن میں محصور دیگر پاکستانیوں کی واپسی کے لئے  دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کل روانہ ہوگا اس کے علاوہ پاک بحریہ نے بھی یمن میں محصور پاکستانیوں کی مدد کے لئے ایک فریگیٹ جہاز کراچی کی بندر گاہ سے روانہ کردیا ہے جو ضرورت پڑنے پر یمن میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کا کام سرانجام دے گا۔۔