کوئٹہ: بلوچستان کے مذہبی رہنماوں نے حوثی باغیوں کی کارروائیوں کو اسلام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ کفری قوتیں ایسے عناصر کے ذریعے حرمین شریفین پر حملہ آور ہونے کی سازشیں کر رہی ہیں وقت اور حالات اس بات کا تقا ضا کر رہے ہیں کہ آج عوام اہلسنت یکجا ہوجائیں تاکہ اسلام قرآن صحابہؓ کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے حکومت پاکستان کی جانب سے حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے سعودی حکومت کے تعاون کا فیصلہ قابل ستائش ہے اور اس کیلئے ہم ہر قسم کا تعان کرنے کو تیا رہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا عصمت اللہ سالم ،اہلسنت والجماعت کے صوبائی کنونیئر مولانا محمد رمضان مینگل ، مولانا انوار الحق حقانی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کوئٹہ کے امیر مولانا محمد زکریا ذاکر،مولاناحزب اللہ عثمانی ،جمعیت علما اسلام ( س ) کے مفتی عبدالواحد ، جماعت اسلامی کے عبدالقیوم کا کڑ، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مولانا نصیر احمد مشوانی ، اہلسنت والجماعت کے مفتی کلیم اللہ حیدری ،انجمن تاجران بلوچستان کے صدر محمد رحیم کاکڑودیگر نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام تحفظ حرمین شریفین و حمایت سعودی عرب ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاء نے جھنڈے اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔مقررین نے کہاکہ ہمیشہ سے کفری قوتیں اسلام کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اپنے مذموم عزائم کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سازشیں کرتی آرہی ہیں اور حوثی باغیوں کے ذریعے ایک بار پھر یہی کفری قوتیں اسلام پر حملہ آؤر ہونے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں جن میں نہ تو وہ ماضی میں کامیاب ہوئے اور نہ اب کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور دیگر قوتوں کی جانب سے حوثی باغیوں کو استحکام بخشنا درحقیقت حرمین شریفین پرحملہ آور ہونے اور قبضہ کرنے کی ناپاک کوشش ہے جس کے خلاف پوری امت مسلمہ یکجا ہوچکی ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ امت مسلمہ اپنے دین کے مرکز کو کسی صورت بھی نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے حرمین شریفین کا دفاع ہمارے دین کاجز ہے اور کفری قوتیں اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے حوثی باغیوں کے ذریعے امت مسلمہ کے جذبات کو للکارنے کی کوشش کی مگر ہم ان قوتوں پر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مسلمان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بھی اپنے دین کے جز کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امریکہ اور دیگر نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں داعش کی کارروائیوں پر تو واویلا کرتی ہیں مگر حوثی باغیوں کے جارحانہ رویوں اور معصوم اور نہتوں کے بہیمانہ قتل پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں کیونکہ پس پردہ حوثی باغی ان کفری قوتوں کی ایما پر کام کرتے ہوئے انکے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مملکت پاکستان میں جو بھی حوثی باغیوں کو معاونت فراہم کرنے کیلئے آواز بلند کریگا اسے اس ملک کا غدار قرار دیا جائے اور جس طرح داعش کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا تھا اسی طرح حوثی باغیوں کی حمایت کرنے والوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کی جائے۔