کوئٹہ: سمیت سات اضلاع میں قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے جبکہ کوئٹہ کے بعض علاقوں ،لورالائی اور شیرانی میں مہم سیکورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردی گئی۔پولیو کنٹرول ایمر جنسی سیل کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کیسز سامنے آنے کے بعد نو اضلاع میں پولیو مہم آج شروع ہونا تھی تاہم لورالائی اور شیرانی میں سرچ آپریشن اور سیکورٹی خدشات کے باعث مہم ملتوی کردی گئی۔ ہرنائی، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، موسیٰ خیل ، زیارت اور بارکھان میں تین روزہ مہم شروع ہوگئی ہے جس کے دوران دو لاکھ انسٹھ ہزار ایک سو تینتیس بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نو سو اکیاون ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں پولیو مہم دو مرحلوں میں آٹھ دنوں جاری رہے گی۔پہلا مرحلہ منگل کو شروع ہوگیا ہے تاہم پشتون باغ ، خروٹ آباد ، خیزی ، کلی برأت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیوکرٹی نہ ملنے پر مہم شروع نہ ہوسکی۔ ان علاقوں میں پچیس کے قریب ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیو کنٹرول ایمر جنسی سیل کے مطابق صوبائی دار الحکومت میں پولیو مہم کیلئے چار لاکھ پچاسی ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کیلئے نو سو بیاسی موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ چورانوے فکسڈ اور انسٹھ ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ مہم کی نگرانی پینتیس یونین کونسل اورایک سو اکیاسی ایریا انچارج کرینگے۔