|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2015

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبردشتی کی زیر صدارت قومی ایکشن پلان کے حوالے سے امن وامان ،لاؤڈاسپیکر کے استعمال،شرانگیز تقاریر،قابل نفرت مواد اور وال چاکنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن ،ڈپٹی کمشنرکوئٹہ،ایس ایس پی آپریشن، مولانا عبداللہ خلجی،علامہ جمعہ اسدی، جماعت اسلامی کے عبدالقیوم کاکڑ،بلوچستان شیعہ علماء کانفرنس کے سید داؤد آغا، جماعت اہلسنت کے شہزاد احمد قادری، بلوچستان شیعہ جرگہ کے عبدالقیوم چنگیزئی، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے قاری مہر اللہ ،ڈاکٹر عطاء الرحمن، شیعہ علماء کانفرنس پاکستان کے علامہ اکبر حسین زاہدی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نجیب اللہ عابد، مدرسہ البنات حافظ محمد طاہر اوردیگر آفسران بھی موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ کوئٹہ میں مذہبی بھائی چارہ اوررواداری کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے مذہبی اخوت اوریگانت کے لئے ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے کسی افواہ اور منفی پروپیگنڈے پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال دعوت نماز کے لئے ہونا چاہیے جبکہ اسے اشتعال انگیز تقاریر کے لئے استعمال مذہبی منافرت پھیلانے کے زمرے میں ہوگا۔جوکہ دین اسلام کے احکامات کے خلاف ہوگا۔ اس موقع پر مولانا عبداللہ خلجی نے کہاکہ یہ ملک اور شہر ہمارا ہے ، شیعہ و سنی ایک دوسرے کوجانتے ہیں۔ہم میں ایک دوسرے کے مذہبی عقائدکا احترام کرتے ہیں ۔ہم ہمیشہ سے متفقہ طور پر دہشت گردی اور تفرقہ ڈالنے والوں کے خلاف رہے ہیں۔اس موقع پر علامہ جمعہ اسدی نے کہا کہ علامہ اکرام نے ہمیشہ اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے ۔مولانا قاری مہر اللہ نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ علماء کرام کو اعتماد میں لے کران سے تجاویز لی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے اورعلماء کرام نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اورکرتے رہیں گے۔ہم اپنے گھر کوخراب کرنے کا تصور نہیں کرسکتے اورنہ کسی کو اس کی اجازت بھی دیں گے۔سیدداؤد آغانے کہاکہ ہم ایک فورم پر اکھٹا ہوئے اور اس عظیم نظر یہ کے ساتھ موجود ہیں کہ ہمیں ایک ملک ،قوم ،صوبے کے دشمنوں نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے مگر ہم سب نے مل کر اسے ناکام بنایا ہے ۔اجلاس میں علماء کرام اورشرکاء نے اس بات کا اظہار کیا کہ حکومتی رٹ ،قانون کی عملداری اور امن وامان کی بہتری نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا انتظامیہ کے ساتھ ہمیشہ تعاون رہا ہے اور رہیگا کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ یہاں کے باسیوں کے مابین تفرقہ پیدا کرکے مذہبی ہم آہنگی کی فضاء کو خراب کریں۔انہوں نے کہاکہ مذہبی منافرت پیدا کرنے والے مواد اور لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف جاری مہم میں بھرپور تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اجلاس اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکومت مثبت اقدام کرنا چاہتی ہے اور ملک اور قوم کے مفاد میں حکومت کے ساتھ ہیں۔