|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2015

لاہور: پاکستانی بلے باز صہیب مقصود الٹے ہاتھ میں فریکچر کے سبب بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں صہیب کے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں صہیب کے ہاتھ میں تکلیف تھی اور طبی معائنے کے بعد ان کے الٹے ہاتھ میں فریکچر کی نشاندہی ہوئی جس کے باعث وہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے سعد نسیم کو صہیب کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے مشاورت کے بعد سعد کو ٹیم میں شامل کیا۔ واضح رہے کہ سعد نسیم پہلے سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔ تین ایک روزہ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل دورے کا آغاز 17 اپریل سے ہو گا۔