|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2015

کوئٹہ: مےئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اﷲ نے کہا ہے کہ کوئٹہ ماسٹر پلان پر شفاف انداز میں عملدرآمد کرکے کوئٹہ شہر کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی کشادگی ، اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے دیگرمنصوبوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا انہوں نے منگل کے روز کوئٹہ ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلا س میں ٹریفک کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلا س میں فیصلہ کیاگیا کہ جن شورومز کے پاس گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ نہیں انہیں فوری طور پر سربمہر کردیا جائے گا۔ شہر میں روت پرمٹ کے بغیر چلنے والے رکشوں کے بارے میں طے کیاگیا کہ رکشوں کی چیکنگ کی جائے گی اور روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والے تمام رکشوں کو فوری طور پر بند کردیا جائے گا۔ اجلا س نے لوکل بسوں کے روت پرمٹ اور فٹنس چیک کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور طے پایا کہ جن بسوں کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ یا روٹ پرمٹ نہ ہوں انہیں بھی بند کردیا جائے گا۔ مختلف محکموں کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں کھدائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس نے تمام محکموں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیاجس میں ان سے کہا جائے گا کہ آئندہ شہر کے کسی بھی علاقے میں کسی محکمے کو اپنے کام کیلئے کھدائی کی ضرورت ہو تو اس کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی منظوری ضروری ہوگی۔ ٹریفک پولیس کے تیار کردہ ٹریفک امپرومنٹ پلان کے مطابق شہر کی مختلف شاہراہوں کو ون وے کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔ اجلاس میں وزیراعظم کے کوئٹہ پیکج کا بھی جائزہ لیاگیا اور طے پایا کہ تمام ممبران اپنی تجاویز محکمہ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ کو دیں گے اور متعلقہ محکمہ منصوبے تیار کرکے کمیٹی کو پیش کرے گا۔ اجلاس نے سریاب پھاٹک سے اولڈ سریاب کسٹم تک سریاب روڈ کو اےئرپورٹ روڈ کی طرز پر کشادہ کرنے اور اس پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا اس کے ساتھ یہ بھی طے پایا گیا کہ این ایچ اے سے یہ سفارش بھی کی جائے گی کہ ویسٹرن بائی پاس کو ڈبل روڈ کی طرز پر تعمیر کیا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی مےئر محمد یونس بلوچ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خلجی ایس پی ٹریفک کوئٹہ سیف اﷲ خان، ڈی ایس پی ٹریفک محمد جاوید ، سیکرٹری آر ٹی اے امان اﷲ پانیزئی، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن عطاء اﷲ بلوچ، جنرل منیجر این ایچ اے نورالحسن، ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران درانی، اے سی سی اینڈ ڈبلیو عبدالجبار ، ڈپٹی سیکرٹری اربن ڈیپارٹمنٹ شاہ زیب ابراہیم، ٹاؤن پلانر ریحان انجم، میونسپل آفیسر محمد اسحق مینگل، ایڈمن آفیسر نور محمد، اور ایگزیکٹو انجینئر پی اینڈ ڈی امان اﷲ نے شرکت کی ۔