کوئٹہ : بلوچستان کے پاک ایران سرحدی علاقے میں ایرانی فورسز کی جانب سے تین مارٹرگولے داغے گئے جو پاکستانی حدود میں گر کر دھماکوں سے پھٹ گئے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پاک ایران سرحد پر تعینات ایرانی بارڈر فورس کی جانب سے تین مارٹر گولے داغے گئے جوتربت سے تین سو کلو میٹر دور کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے زاعمران میں ایف سی کی بارڈر چیک پوسٹ نمبر231کے قریب آگرے اور زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے۔ تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تین روز قبل پاک ایران سرحد کے قریب ایرانی علاقے میں نامعلوم افراد نے حملہ کرکے ایرانی فورسز کے آٹھ اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔ واقعہ کے بعد پاک ایران سرحد پر دونوں جانب سے سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے تھے۔