|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2015

مردان: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کے والد سینیٹر اعظم خان ہوتی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ سابق رہنما اعظم خان ہوتی طویل عرصے سے گلے کے کینسر میں مبتلا تھے اور انہیں گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی نماز جناہ مردان میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔ اعظم خان ہوتی 2012 میں 6 سال کیلئے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور اپنی جماعت سے اختلافات کے باعث سیاسی سرگرمیوں سے دور تھے۔ اعظم خان سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی کے والد اور بیگم نسیم ولی خان کے بھائی تھے اور وفاقی وزیر مواصلات بھی رہ چکے تھے۔