کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران بیرونی ریاستوں اور بین الاقوامی خفیہ اداروں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی حمایت کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں سے باز رہیں ،بلوچستان میں دہشتگردوں ، ان کے مددگاروں، ہمدردوں اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کو شکست فاش دی جائے گی ، صوبے میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ، کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں ، اجلا س اور ایف سی جوانوں سے خطاب کے دوران کہی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنر ل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچے۔ سمنگلی ایئر بیس پر پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمنگلی ایئر بیس سے ایف سی ہیڈ کوارٹر آئے جہاں انہوں نے امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ ااس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں امن وامان اور صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں مکران ڈویژن میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کے بعد کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آرمی چیف نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔جنرل راحیل شریف نے بلوچستان میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے ایف سی کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے ایک دورہ کوئٹہ کے دوران گورنر بلوچستان ،وزیراعلیٰ ، کمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقاتیں کیں جبکہ ایف سی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرکے صوبے کی سیکیورٹی صورتحال ، ایف سی کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔آرمی چیف نے تربت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں غریب مزدوروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان حکومت کی معاونت کرتے ہوئے ان عناصر کا صفایا کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرددوں کو مدد فراہم کرنے والی تمام غیرملکیوں ایجنسیوں اور ممالک کو شکست دے کر رہیں گے۔آرمی چیف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر ایف سی اور لیویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صوبے میں امن و ترقی کے لیے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ ایف ڈبلیو او یہاں اپنے منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں، ان کے مددگاروں، ہمدردوں، فنانسرز کسی کو بھی ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور ریاستی رٹ کی بحالی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔