کوئٹہ: انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکوربلوچستان میجرجنرل شیر افگن نے کہاہے کہ یف سی امن وامان کی بحالی کیلئے آخری حد تک دہشتگردوں کا پیچھا جاری رکھے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے گوادر میں قبائلی عمائدین اور معتبرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قبائل امن پسند اورمحب وطن ہیں،بلوچستان کے حالات خراب کرنے کا ذمہ دار صرف ایک مخصوص ٹولہ اور بیرونی طاقتیں ہیں جواپنے مفادات کی خاطر صوبے کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماؤں کی گود اجاڑنے والے دہشتگردبلوچ عوام کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں۔معصوم شہریوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام قیام امن کیلئے ایف سی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صوبے بھرمیں دہشتگردوں کی موثر سرکوبی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام اتفاق اور اتحاد کا دامن تھامے رکھیں گے توکوئی باہر سے آکرتخریب کار ی کی ہمت نہیں کرسکتا۔آئی جی ایف سی نے عمائدین کو اس بات کایقین دلایا کہ ایف سی علاقے میں امن وامان کی بحالی کیلئے کوشاں رہے گی اوراس بات کو یقینی بنائے گی کہ علاقے کے لوگ امن،سکون اور عزت کے ساتھ اپنی زندگی گزارسکیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے دہشتگردوں اورشرپسندوں کویہ پیغام دیا کہ وہ ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوں وگرنہ عبرتناک انجام کیلئے تیار رہیں۔ اس موقع پر تمام قبائلی عمائدین نے ایف سی کی طرف سے امن وامان کے قیام اورصوبے کیلئے قربانیوں کو سراہتے ہوئے آئی جی ایف سی کو مکمل تعاون کا یقین دلایااورآئی جی ایف سی کی عزت افزائی کا شکریہ اداکیا۔آخر میں آئی جی ایف سی نے اس یقین کا اظہارکیا کہ خلفشار پھیلانے والے اپنے مقاصد میں ناکام اور نامراد ہوں گے جبکہ صوبے میں امن کی بحالی، ترقی،امن محبت،بھائی چارے ، اتفاق اور اتحادکیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جایں گے۔میجرجنرل شیرافگن نے تمام قبائلی عمائدین کا بھرپور شرکت پر شکریہ اداکیا۔