|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2015

کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کو ہفتے کو شدید زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا، جس کے جھٹکے ہندوستان اور پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولیوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو کے قریب واقع مشرقی علاقے پوکھارا میں تھا، جس کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی۔ یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ صبح 11 بج کر 56 منٹ پر آیا، جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 11 کلومیٹر(7 میل) تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں زلزلے کے باعث کئی عمارتیں متاثر ہوئیں اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جبکہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے ہندوستان کے مختلف شہروں نئی دہلی، لکھنو، کلکتہ، پٹنہ، اتر پردیش، آسام، اڑیسہ اور جے پور میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس حوالے سے ہندوستانی وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زلزلے سے متعلق یہ پیغامات جاری کیے ہیں، جس میں ان کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد نیپال اور ہندوستان میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے نیپال میں آنے والے زلزلے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے باخبر رکھنے کی ہدایت کردی۔ عینی شاہد محمد شہاب نے بتایا کہ وہ لاہور میں اپنے دفتر میں موجود تھے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، تاہم پھر صورتحال معمول پر آگئی۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے تھے۔ زلزلے کے بعد نیپال اور ہندوستان کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث نیپال کی تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔