|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سبی میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے سیکریٹری داخلہ اور کمشنر سبی ڈویژن سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، وزیر اعلیٰ نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 10,10لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50,50ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو حکومت کی جانب سے علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے گناہ اورمعصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے صوبے اور یہاں کے عوام کے دشمن ہیں جو دہشت گردی کی کاروائیوں کے ذریعے بد امنی پیدا کر کے ترقیاتی عمل کو روکنا چاہتے ہیں تاہم ان کے ان مزموم مقاصد کو ناکام بنا دیا جائے گا اور صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سبی سمیت صوبے کے تمام شہروں میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید موثر بناتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جبکہ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھتے ہوئے مشکوک اشیاء اور افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس اور انتظامیہ کو مطلع کریں اور حفاظتی اقدامات میں متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ وزیر اعلیٰ نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے، وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔