اسلام آباد: چین پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کریگا اور اس سلسلہ میں چین کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں جلد از جلد انرجی کے بحران کا خاتمہ کیاجائے پہلے مرحلے میں چین نے بلوچستان میں چار سے لیکر 7.5کلو واٹ کے دس ہزار سولر پمپنگ سسٹم لگانا شروع کردیئے ہیں یہ بات چینی کمپنی میگا واٹ نیو انرجی لمیٹڈ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر توشنائی نے ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی سولر پمپنگ سسٹم کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کیلئے منصوبے پر جلد کام شروع کردیا جائے گا اس سلسلے میں آج وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کی جارہی ہے جس میں پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سولر آن گرڈ اور آف گرڈ سسٹم کے علاوہ پانی کو صاف کرنے کے پلانٹ بھی تیار کررہے ہیں سولر سسٹم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیکنالوجی کے ذریعے موجودہ سسٹم کو بھی باآسانی سولر پرمنتقل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ نظام اس وقت دنیا کے چودہ ممالک میں کامیابی سے چل رہا ہے جن میں ترکی ، مراکش ، آسٹریلیا ، چین ، گھانا اور دیگر ملک شامل ہیں اس موقع پر چینی کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ بینک آف چائنہ کے ذریعے آسان شرائط پر پاکستان کے صنعتکاروں اور تاجروں کو قرضے دیئے جائینگے جس میں ستر فیصد فنانسنگ اور تیس فیصد سرمایہ کاری ہوگی جبکہ بینک آف چائنہ کامارک اپ صرف نو فیصد ہوگا ۔ ایوان صنعت و تجارت کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ اور اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان کے صنعتکار اور تاجر چینی حکومت اور صدر کے ممنون ہیں کہ انہوں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔