|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2015

راو لپنڈی: ترجمان پاک فوج نے الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کا بیانبے ہودہ اورغیرضروری ہے اور فوجی قیادت سے متعلق اس طرح کے بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے فوج کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ  فوج اور اس کی قیادت کے بارے میں اس طرح کا بیان بے ہودہ اور غیر ضروری ہے جب کہ الطاف حسین کی تقریر نفرت انگیز اور بلاجواز ہے، اس طرح کے بیانات فوجی قیادت کے خلاف ان مجرموں کی گرفتاری کا رد عمل ہیں جن کے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ روابط ہیں تاہم فوج اور اس کی قیادت کے خلاف اس طرح کا بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ عوام کے جذبات کو ریاست کے خلاف بھڑکانے کے لیے میڈیا کا سہارا لیا گیا جس پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی تاہم فوج اورسیکیورٹی ادارے اپنی پیشہ وارانہ زمہ داریاں نبھاتے رہیں گےاور پاک فوج سونپے گئے آپریشن جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ رات گئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج اور اس کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔