کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سربراہ سینئر صوبائی وزیر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ گوادر تا کاشغراقتصادی راہداری قومی منصوبے کا حصہ ہے جس میں مرکز بلوچستان سمیت تمام صوبوں کو شامل رکھنا چاہتا ہے تاہم یہاں موجود تحفظات کے خاتمہ کیلئے ہر فورم پر بات کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین کی قیادت میں ملاقات کے آنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی انجینئرزمرک خان اچکزئی ‘ سینیٹر داؤد خان اچکزئی ‘ پارٹی کے رہنماء عبدالرشید ناصر و دیگر بھی موجود تھے چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے ہماری سیاست کا محور اس سرزمین کی خوشحالی رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی ‘ جمہوری قوتیں یکجا ہو کر صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے اور اس کیلئے جہاں بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم اول دستے کاکردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق یہاں جو تحفظات پائے جاتے ہیں اسے ختم کرنے کیلئے میں مرکزی قیادت سے بات کریں گے تاہم اتنا واضح ہے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری سے متعلق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کا ویژن واضح ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس اقتصادی راہداری سے ملک کے چاروں صوبوں کو برابر افادیت حاصل ہو بلوچستان میں تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے مثبت سوچ کے تحت اپنی پالیسیاں مرتب کرتی رہی ہے جس کی واضح مثال یہ ہے کہ ہم نے اکثریت میں رہتے ہوئے بھی قوم پرستوں جماعتوں کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا کیونکہ ہماری ترجیحات اقتدار نہیں بلکہ ہم بلوچستان میں امن آتشی اور خوشحالی کے متقاضی ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلوچستان کو مثبت سیاسی سوچ و فکر کے تحت ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں ۔