|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کی سیاسی ‘مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پنجاب کے بیوروکریسی ایک بار پھر بلوچستان کو بائی پاس کرنے کیلئے گودار کاشغرروٹ کو پرانے روٹ کی بجائے نئے روٹ میں تبدیل کرکے بلوچستان کو مزید پسماندگی میں دھکیل رہا ہے جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے اور اس سلسلے میں آج بروز بدھ کوئٹہ شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور16مئی کو آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے سخت لائحہ عمل اختیار کرینگے۔یہ بات عوامی نیشنل پارٹی کے صو بائی صدر اصغر خان اچکزئی‘جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے صو بائی امیر مولانا عبدالقادر لونی‘جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالحلیم ‘آل بلوچستان قبائل فیڈریشن کے سربراہ ملک امان اللہ کاکڑ ‘آل بلوچستان ہوٹل ریسٹورنٹ کے صدر رحیم آغا‘ہزار گنجی کے صدر اور دیگر نے منگل کے روز صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘اس سے قبل مختلف جماعتوں نے اپنے دفاتر سے ریلی نکالی اور مختلف شاہراہوں سے ہو تی ہوئی بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی ‘اس موقع پر اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع ‘صو بائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل‘صوبائی وزیر محمد خان شاہوانی‘اراکین اسمبلی زمرک خان اورسید لیاقت آغا نے سپیکر کی ہدایت پر باہر آکر مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کاشغر روٹ ہم سب کامشترکہ مسئلہ ہے اس روٹ سے بلوچستان کی پسماندگی جبکہ ملک کو خطرہ لاحق ہے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی نے مشترکہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور کی اور وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے اور پہلے سے جو روٹ دیاگیا ان پر عملدرآمد کرنے کیلئے کام شروع کیا جائے انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں عوام کو مزید بے خبر رکھنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور آج تک وفاقی حکومت نے واضح نہیں کیا کہ روٹ کہاں سے بناناشروع کریں گے بلکہ انہوں نے مزید پیچیدگیاں پیدا کرنے کیلئے موقف اختیار کیا کہ تین حصوں پر روٹ بنائینگے لیکن ہم وفاقی حکومت پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تین روڈ بنارہے ہیں یا ایک لیکن وہ روٹ جس سے صنعت وابستہ ہے وہ بلوچستان کے راستے بنایا جائے اگر تبدیلی کی گئی تو ہم اس احتجاج میں آپ کے ساتھ ہے اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی نے کہاکہ وفاقی حکومت ایک بار پھر بلوچستان کے عوام کو پسماندگی اور محرومیوں سے شکار کرنے کیلئے اس روٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس پر ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر روٹ کو بلوچستان کے راستے نہیں بنایاگیا تو آج تمام جماعتوں کی جانب سے کوئٹہ شہر میں مکمل ہڑتال اور16مئی کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام مرکزی صدر اسفندیار ولی کی ہدایت پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں تمام جماعتوں کے سربراہان شرکت کرکے اس روٹ کے متعلق ٹھوس پالیسی اختیار کریں گے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صو بائی امیر مولانا عبدالقادر لونی نے کہاکہ حکومت نے ایک دفعہ بلوچستان سے روٹ بنانے کا اعلان کیا لیکن بعد میں پنجاب کی بیوروکریسی نے بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب کے عوام کی مخالف نہیں بلکہ پنجاب کے بیوروکریسی کیخلاف ہے جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی بجائے پیچیدگیاں پیدا کیے انہوں نے کہاکہ آج ہونے والے ہڑتال کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔آل بلوچستان ہوٹل ریسٹورنٹ کے صدر رحیم آغا نے کہاکہ گودار کاشغر روٹ بلوچستان کے مستقبل کا مسئلہ ہے اس روٹ کو کسی بھی صورت تبدیل نہیں ہونے دینگے ۔