|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2015

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں پی ٹی وی کی نشریات پہنچانے کے لئے پرعزم ہے ٗموسیٰ خیال، شیرانی اور ہرنائی کے اضلاع میں پی ٹی وی بوسٹرز کے قیام کی تجویز ہے، بعض علاقوں میں امن و امان کا مسئلہ ہے، ہمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوامی نمائندوں کے تعاون کی ضرورت ہے جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف سینیٹرز کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع کوہلو اور ژوب میں پی ٹی وی کے بوسٹرز قائم کئے جا چکے ہیں ٗ ضلع پشین میں غزابند میں قائم بوسٹر سے نشریات دکھائی جا رہی ہیں، ضلع ژوب اور پشین میں پی ٹی وی ہوم کی نشریات ٹیلی کاسٹ ہوتی ہیں ٗ ضلع کوہلو میں پی ٹی وی نیوز کی نشریات ٹیلی کاسٹ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں پی ٹی وی کی نشریات پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں امن و امان کی ایسی صورتحال ہے کہ وہاں تکنیکی سروے بھی نہیں ہو سکا، سروے کے لئے ہمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور منتخب نمائندگان کا تعاون درکار ہے۔وقفہ سوالات کے دور ان وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے سلسلے میں پاکستان، افغانستان اور پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے درمیان معاہدہ ہوا ہے اور پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے جس کو رواں سال اگست تک حتمی شکل دیدی جائے گی اور مزید منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائیگا۔اجلاس کے دور ان بعض ارکان کی اجلاس سے غیر حاضری کے معاملے پر ریمارکس دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ارکان کے سوالات وقفہ سوالات کے ایجنڈے میں شامل ہیں وہ اگر حاضر نہیں ہوں گے تو پھر جوابدہی کا عمل کیسے آگے بڑھے گا، اگر ہم وزراء اور بیورو کریسی سے ایوان میں موجودگی کی توقع رکھتے ہیں تو ہمیں خود بھی ایوان میں حاضر ہونا چاہیے۔ سینیٹ میں وزارت ریلوے سے متعلق سوالات موخر کر دیئے گئے۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے ایجنڈے میں وزارت ریلوے سے متعلق سوالات بھی شامل تھے جنہیں متعلقہ وزرات کی درخواست پر موخر کر دیا گیا