کوئٹہ: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے قتل اور اغواء کے مقدمات میں9افراد کو عمر قید کی سزائیں سنادی۔ استغاثہ کے مطابق مجرم شادی خان نے کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں2012 میں غیرت کے نام پر اپنی بہن یاسمین اور عبدالرحیم مری نامی شخص کو قتل کیا تھا ۔جس پر اس کے خلاف دفعہ302ت پ کے تحت مقدمہ نمبر12/12 تھانہ کیچی بیگ میں درج کیا گیا ۔دوہرے قتل جرم ثابت ہونے پر انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ ون کے جج آفتاب احمد لون نے مجرم کو پچیس سال قید کی سزا سنادی۔ اسی عدالت نے اغواء برائے تاوان کا جرم ثابت ہونے پر آٹھ افراد کو عمر قید کی سزا سنادی ۔ استغاثہ کے مطابق نیک محمد، جمال الدین ، گل بوستان اور ان کے پانچ مفرور ساتھیوں باری داد ، جمیل، یوسف ،گل خان اور اختر محمد نے 2013 میں کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے رحیم داد ولد موسیٰ خان کو اغواء کیا تھاجس پر ان کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں مقدمہ نمبر2/13درج کیا گیا۔ پولیس نے تین ملزمان نیک محمد ، جمال الدین اور گل بوستان کو گرفتار کیا جبکہ باقی پانچوں ملزمان تاحال مفرور ہیں۔۔عدالت نے گرفتار اور مفرور ملزمان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ استغاثہ کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسکیوٹر زاہد علی خان نے مقدمات کی پیروی کی۔