|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2015

اسلام آباد:  ایشیائی ترقیاتی بنک نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ ، تعلیم صحت سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اور صوبے کے معدنی و دیگر وسائل کو مصرف میں لانے کیلئے حکومت بلوچستان کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ صوبے کے معدنی وسائل کی ترقی اور پانی کے وسائل کے صحیح استعمال کے ساتھ ساتھ ، پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے وائس پریذیڈنٹ مسٹر وینسائی ژینگ نے بنک کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ بدھ کے روز یہاں ملاقات کی جس میں صوبے میں شعبہ معدنیات کی ترقی اور پانی کے مسئلے کے حل کیلئے زیر زمین پانی کی سطح کی بہتری اور بارشوں اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی ترقیات نصیب اﷲ خان بازئی نے اس موقع پر معدنی ذخائر اور واٹر سیکٹر کے مسائل کے ساتھ ساتھ ان کے حل کیلئے حکومتی اقدامات ، پالیسی اور ان شعبوں میں ڈونرز اداروں کی درکار معاونت کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ قیمتی معدنیات کے ساتھ ساتھ وسیع و عریض اراضی کا حامل صوبہ ہے جس کی 70فیصد سے زیادہ آبادی زراعت اور مالداری سے وابستہ ہے تاہم صوبے کے بعض اضلاع میں بارشیں نہ ہونے یا کم ہونے کی وجہ سے خشک سالی کی صورتحال ہے انہوں نے بتایا کہ صوبے کے شمالی اضلاع مون سون رینج میں واقع ہیں جہاں بارشوں کا تناسب بہتر ہے تاہم ڈیموں کی عدم دستیابی کے باعث بارشوں اور سیلاب کا لاکھوں ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع ہوجاتا ہے جبکہ صوبائی حکومت وسائل کی کمی کے باعث ڈیم تعمیر نہیں کرسکتی یہی صورتحال شعبہ معدنیات میں بھی ہے وسائل جدید تکنیک اور استعداد کار کی کمی معدنی ذخائر کو مصرف میں لانے کی راہ میں رکاوٹ ہے انہوں نے کہا کہ اگر ایشیائی ترقیاتی بنک اور بین الاقوامی ڈونرز ادارے ڈیموں کی تعمیر ، پانی کے وسائل کو بہتر طریقے سے بروئے کار لانے اور معدنی شعبہ کی ترقی میں ہماری مدد کریں تو ہم نہ صرف ملک کو خوراک میں خود کفیل کرسکتے ہیں بلکہ خطے میں بھی خوراک کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس سے صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور عام آدمی کا معیار زندگی بھی بہتر ہوسکے گا ملاقات کے دوران ژوب ،ناڑی،پورالی، دشت، ہنگول، سمیت صوبے کے دیگر دریاؤں کے واٹر بیسنوں اور کچھی پلین میں ڈیموں اور واٹر ڈسپرسل سٹرکچر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو آن فارم واٹر مینجمنٹ منصوبے کے تحت نالی وتالابوں کی تعمیر اور پانی کے بہتر استعمال کیلئے جدید تیکنیک کی فراہمی کے مجوزہ منصوبوں اور ان پر آنے والی تخمیناً لاگت کا جائزہ بھی لیاگیا بینک کے وائس پریذیڈنٹ نے یقین دلایا کہ ان کا ادارہ صوبے کے وسائل کی ترقی، تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری اور اداروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھرپور مالی و تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔