کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے خانوزئی میں بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع کے قافلے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ حملہ میں مولانا عبدالواسع بال بال بچ گئے لیویز کے مطابق بلوچستان کے علاقے خانوزئی کے قریب رودملازئی میں جلسہ سے واپسی پر سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایاگیا گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ مولانا عبدالواسع محفوظ رہے اس موقع پر سابق صوبائی وزیر صحت عین اللہ شمس بھی ان کے ہمراہ تھے دریں اثناء جمعیت علماء اسلام ‘عوامی نیشنل پارٹی ‘ جماعت اسلامی نے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کی گاڑی پر دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے ۔دریں اثناء بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ میری گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا میں اور میرے ساتھی محفوظ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بم دھماکہ کے بعد ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پشین کے علاقے رودملازئی کے قریب جلسہ سے واپسی پر میرے قافلے کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے نشانہ بنایا گیا بلٹ پروم گاڑی کی وجہ سے میں اور میرے ساتھی محفوظ رہے انہوں نے بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے صوبہ میں عام آدمی سمیت کوئی سیاسی و مذہبی شخصیت محفوظ نہیں ۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سربراہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کے قافلے پر بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سیاسی جدوجہد کرنے والوں کو مرعوب نہیں کرسکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالواسع پر ہونیوالا حملہ قابل مذمت اقدام ہے ایسے واقعات کے ذریعے امن دشمن عناصر صوبہ میں دہشت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالواسع ایک مدبر سیاسی شخصیت ہیں اور ان پر اس طرح کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کے قافلے پر بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کے امن کو تہہ وبالا کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالواسع پر ہونیوالا بم حملہ بزدلانہ اقدام ہے امن دشمن عناصر اب اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں جس کی وجہ سے اب انہوں نے سیاسی شخصیات کونشانہ بنانے کی کوششیں شروع کردیں ہیں مگر ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ ایسے کسی اقدام میں کامیاب نہیں ہونگے بلوچستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں امن استحکام ترقی و خوشحالی کی خواہاں ہیں اور ہم سب ملکر اپنے صوبہ سے امن دشمن عناصر کا خاتمہ کر دیں گے انہوں نے کہا کہ واقعہ قابل مذمت ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ملوث عناصر کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
مولانا واسع کے قافلے پر بم حملہ ،حملہ ریمورٹ کنٹرول تھا ،مولانا واسع
وقتِ اشاعت : May 15 – 2015