|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2015

ہرارے: زمبابوے کی کرکٹ ٹیم سیکیورٹی خطرات بالائے طاق رکھتے ہوئے جیت کا عزم لیے زمبابوے سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ زمبابوے کرکٹ کے ترجمان لوومور بندا نے پیر کو ایک بیان میں تصدیق کی کہ ٹیم ہرارے سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ بندا نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ہرارے سے روانہ ہو چکی ہے، وہ دبئی کے راستے پاکستان جائیں گے۔ کراچی میں بس حملے میں 45 افراد کی ہلاکت کے بعد زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان اور ملک میں کرکٹ کی بحالی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا تھا لیکن دونوں بورڈز کی مشترکہ کوششوں سے بالآخر یہ مشکل معرکہ سر ہو گیا۔ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلنی پڑیں، اس حملے میں سات سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوئے تھے اور یہ سات سال کے طویل عرصے کے بعد کسی ٹیسٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ زمبابوین ٹیم کے اس دورہ پاکستان میں ان کے موجودہ اور پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ ڈیو واٹمور نے اہم کردار کیا اور کھلاڑیوں کے خدشات دور کیے۔ انہوں نے زمبابوے ریڈیو سے گفتگو میں کہا کہ میں اس دورے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہوں اور پاکستان جانے پر بہت خوش ہوں لیکن فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن(فیکا) کے سیکیورٹی ماپرین زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان کے خلاف تھے۔ فیکا کے چیئرمین ٹونی آئرش نے کہا کہ دورہ پاکستان ابھی بھی ناقابل قبول رسک ہے اور ہم ٹیموں کو پاکستان نہ جانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ زمبابوین حکومت کے سیکیورٹی حکام نے بھی دورہ پاکستان کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے بورڈ کو ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا تھا جس کے باعث زمبابوین ٹیم کے دورے کے امکانات انتہائی معدوم ہو گئے تھے لیکن بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے زمبابوین بورڈ حکام کو سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی اور ان کے خدشات دور کیے جانے کے بعد انہوں نے دورے کی حامی بھر لی تھی۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی منفی کردار ادا کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کو وجہ بناتے ہوئے میچ آفیشلز پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا اور پاکستان کو مقامی آفیشل کی زیر نگرانی میچ کرانے کا مشورہ دیا۔ زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 22 مئی سے ہونے والی ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا۔