|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2015

سیالکوٹ: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے لیکن بھارت پاکستان میں تخریب کاروں کی حمایت کر رہا ہے۔ سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دشمن ایک ہے لیکن اس کے چہرے 2 ہیں جن میں ایک ملک کے اندر اور دوسرا سرحد پار ہے اور دونوں کے درمیان وطن عزیز کے خلاف سمجھوتہ ہے، کراچی، شکار پور، پشاور اور واہگہ بارڈر واقعات دہشت گردوں اور بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے سمجھوتے کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج ملک کے اندورنی اور بیرونی دشمنوں سے بیک وقت لڑرہی ہے جس میں مسلح افواج ضرور کامیاب ہوگی اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جیت کے سوا کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش تمام مسائل کےحل کے لئے اقدامات کررہی ہے، آئندہ 3 سال میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 56 ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ سے لاہور ایکسپریس وے بنایا جائے گا جب کہ ترقیاتی منصوبوں پر 120 بلین روپے خرچ ہوں گے۔