|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری کردہ مرکزی بیان میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن ‘ ماورائے آئین و قانون نہتے بے گناہ بلوچ فرزندوں کا قتل و غارت گری ‘ اغواء نماء گرفتاریوں ‘ خوف و ہراس پھیلانے ‘ خواتین و معصوم بچوں کو ہراساں کرنے اور پورے علاقے میں محاصرے میں لینے کے خلاف بلوچستان بھر میں احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق 19مئی کو نوشکی ‘ دالبندین ‘ چاغی ‘ خاران ‘ 21مئی کو مستونگ ‘ قلات ‘ سوراب ‘ منگچر ‘ خضدار میں ‘ 23مئی کو سہ پہر4بجے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے ‘ 25مئی کو پنجگور ‘ تربت ‘ گوادر ‘ آواران میں ‘ 26مئی کو لسبیلہ ‘ حب ‘ کراچی ‘ 28مئی کو لورالائی ‘ بارکھان ‘ ڈیرہ غازی خان ‘ کوہلو ‘ ہرنائی ‘ موسیٰ خیل میں جبکہ پارٹی کے شہید رہنماء نصیر جان لانگو کی برسی کے موقع پر 29مئی کو سہ پہر4بجے کلی الماس ایئر پورٹ کوئٹہ تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائیگا 31مئی کو بلوچستان قومی تحریک کے عظیم رہنماء شہید نواب یوسف عزیز مگسی کی برسی کے موقع پر سہ پہر 4بجے بلوچ کالونی مشرقی بائی پاس کوئٹہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ یکم جون کو سبی ‘ ڈیرہ مراد جمالی ‘ جعفر آباد ‘ اوستہ محمد ‘ جیکب آباد ‘ کچھی اور بولان میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے پارٹی کے تمام اضلاع کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے کامیاب بنا کر اپنا سیاسی و جمہوری احتجاج ریکارڈ کرائیں بیان میں کہا گیا ہے آج بھی بلوچ عوام کے خلاف جارحانہ پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں جوکہ اس بات کی غمازی کرتاہے کہ آج کی نام نہاد جمہوری حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل کر مظالم میں پیش پیش اور بلوچستان کے تمام معاملات فورسز کے ہاتھوں میں ہیں اور اسکے سامنے نام نہاد جمہوری حکومت بے بس اور بے اختیار ہے، بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ پارٹی کسی بھی صورت بلوچ عوام کو فورسز اور حکمرانوں کے مظالم کے سامنے تنہا نہیں چھوڑے گی اور سیاسی وجمہوری انداز میں ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہوئے مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایاجائے گا۔